لاہور(یس نیوز)بھارت نے سمجھوتہ ایکسپریس کو عارضی طور پر معطل کرنے کے کچھ دیر بعد ہی اسے پھر بحال کردیا، ٹرین معمول کے مطابق صبح لاہور سے دلی روانہ ہوگی۔
بھارتی حکام نے سمجھوتہ ایکسپریس سروس کو عارضی طور پر معطل کرتے ہوئے پاکستانی ریلوے حکام کو مراسلہ بھجوایا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ پیر کےروز بھارت میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے باعث سمجھوتہ ایکسپریس کو نہیں لے سکتے۔
جس پر ریلوے حکام نے مسافروں کو صبح ریلوے اسٹیشن نہ آنے کی ہدایت کر دی۔ لیکن کچھ دیر بعد ہی بھارتی حکام نے پاکستانی ریلوے حکام کو ہاٹ لائن پر پیغام دیا کہ انھوں نے ٹرین کی سکیورٹی کے لیے خصوصی انتظامات کرلیے ہیں ۔سمجھوتہ ایکسپریس کو معمول کے مطابق بھجوایا جائے ، ریلوے حکام کے مطابق اب سمجھوتہ ایکسپریس پیر کی صبح معمول کے مطابق بھارت روانہ ہوگی۔