اسلام آباد(اصغر علی مبارک؍ نیوز ڈیسک) جنوبی کورین اور اسمارٹ موبائل تیار کرنے والی دنیا کی سب سے بڑی کمپنی ’سام سنگ‘ کے کئی موبائلز میں گزشتہ چند سال سے شکایات سامنے آ رہی ہیں۔ تاہم کمپنی کی جانب سے رواں برس متعارف کرائے گئے مہنگے اور بہترین ترین فونز گلیکسی ایس نائن اور گلیکسی ایس نائن پلس کے حوالے سے خیال کیا جا رہا تھا کہ اس میں کسی خرابی کی شکایت سامنے نہیں آئے گی۔
تاہم موبائل کو متعارف کرانے کے ڈیڑھ ماہ بعد ہی ان میں خرابی سامنے آگئی۔ ٹیکنالوجی ویب سائٹ اینڈرائڈ پولس اور پیونک ویب سمیت اسمارٹ موبائل کی شکایات کے آن لائن فورم اینڈرائڈ سینٹرل اور سام سنگ کے اپنے شکایتی فورم پر بھی کئی صارفین نے دونوں موبائل کی اسکرین میں خرابی کی شکایت کی۔ صارفین کی جانب سے کی جانے والی شکایات سے پتہ چلتا ہے کہ سام سنگ گلیکسی ایس نائن اور سام سنگ گلیکسی ایس نائن پلس کی ٹچ اسکرین بعض اوقات کام کرنا چھوڑ دیتی ہے۔