لندن (ویبب ڈیسک) سام سنگ مختلف تبدیلیوں کے بعد اپنے پہلے فولڈ ایبل اسمارٹ فون گلیکسی فولڈ کو متعارف کرانے کے لیے تیار ہے۔رواں سال مئی میں جب اس فون کو موبائل ورلڈ کانگریس میں پہلی بار متعارف کرایا گیا تو اس کے ریویوز میں سامنے آنے والی خرابیوں کے بعد کمپنی نے اس کی فروخت کو التوا میں ڈال دیا تھا۔اس کے بعد یہ فون واپس انجنیئرز کے پاس گیا تاکہ اسے زیادہ پائیدار بنایا جاسکے اور ایسا لگتا ہے کہ اب ان مسائل پر قابو پالیا گیا ہے کیونکہ یہ 6 ستمبر کو جنوبی کوریا میں فروخت کے لیے پیش کیا جارہا ہے۔برلن میں جاری آئی ایف اے ٹیکنالوجی نمائش کے دوران کمپنی کی جانب سے ری ڈی ڈیزائن ڈیوائس کو میڈیا کے سامنے پیش کیا گیا۔سام سنگ کے عہدیداران کا اس موقع پر کہنا تھا کہ فون میں 3 بڑی تبدیلیاں کی گئی ہیں، پہلی تبدیلی تو کیپس کا اضافہ ہے تاکہ اس کے کونوں میں مٹی اور دیگر ذرات جمع نہ ہوسکے۔اسی طرح ڈسپلے کو نقصان پہنچنے کے مسئلے پر قابو پانے کے لیے ری ڈیزائن ڈیوائس میں ایک اور حفاظتی تہہ کا اضافہ کردیا گیا ہے تاکہ اسکرین بند کرنے یا کھلنے کے دوران متاثر نہ ہو۔کمپنی کی جانب سے ڈسپلے کے اندر میٹل کی تہہ کو بھی شامل کیا گیا ہے تاکہ اسے زیادہ مضبوط بنایا جاسکے۔ان اپ ڈیٹس کے ساتھ یہ فون اب پہلے سے زیادہ مضبوط جبکہ مکمل کھلنے پر لگ بھگ 180 ڈگری فلیٹ ہوجائے گا۔ان تبدیلیوں سے ہٹ کر فون میں کچھ نیا نہیں، یعنی مکمل کھلنے پر 7.3 انچ جبکہ بند ہونے پر 4.6 اسکرین کی شکل اختیار کرے گا۔فولڈایبل موڈ میں اس کی فرنٹ اسکرین کسی عام اسمارٹ فون کی طرح کام کرتی ہے تاہم کسی ایپ جیسے گوگل میپس کو اوپن کرنے کے بعد ڈیوائس کو بڑے ڈسپلے پر سوئچ کیا جائے تو سب کچھ کافی بڑا ہوجاتا ہے۔سام سنگ کے مطابق یہ بڑا ڈسپلے ملٹی ٹاسکنگ کے لیے انتہائی موثر ثابت ہوگا اور صارف بیک وقت 3 ایپس کو استعمال کرسکیں گے۔یہ فون کوریا میں 24 لاکھ کورین وون (3 لاکھ 13 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت کے لیے پیش کیا جارہا ہے جبکہ 18 ستمبر کو مختلف یورپی ممالک میں اسے متعارف کرایا جائے گا۔