دبئی: خواتین کے جوتوں اور سینڈلوں کے ممتاز ڈیزائنر نے دنیا کے مہنگے ترین سینڈل اور شوز فروخت کےلیے پیش کردیئے ہیں۔ ان میں سے ایک سینڈل کی قیمت دو لاکھ 17 ہزار برطانوی پاؤنڈ ہے جو پاکستانی روپوں میں 3 کروڑ 30 لاکھ روپے کے مساوی رقم ہے۔
اونچی ہیل والے ان سینڈل کو ماہر کاریگروں نے اپنے ہاتھوں سے ڈیزائن کیا ہے۔ سینڈل کی ہیل اور تلے (سول) کو سونے اور پلاٹینم سے بنایا گیا ہے۔ اس پر 54 قیراط کے سفید ہیرے اور 416 قیراط کے نیلم (سیفائر) لگائے گئے ہیں۔ تین ممالک کے ماہرین نے مسلسل ایک سال کی محنت کے بعد اسے تیار کیا ہے۔
اسے دبئی کی ایک کمپنی دی جیڈا ڈیزائنر کےلیے بنایا گیا ہے اور ان کے مطابق یہ دنیا میں اپنی نوعیت کا صرف ایک ہی جوڑا ہے۔ یہ کمپنی مشہور شخصیات کےلیے خاص سینڈل بناتی رہی ہے جن میں لیڈی ڈیانا اور گریس کیلی بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ بھی یہاں بہت سے قیمتی سینڈل رکھے گئے ہیں جنہیں عام افراد صرف دیکھ ہی سکتے ہیں۔
ان سینڈلوں میں سے ایک اور شاہکار سینڈل نیچے دیکھا جاسکتا ہے۔ اس کی ہیل میں 24 قیراط سونا لگا ہے۔ ٹخنوں پر آنے والی ایک پٹی کو تاج کی صورت میں بنایا گیا ہے جس پر 180 قیراط کے لعل (روبی) جڑے ہیں جبکہ 33 قیراط کے ہیرے بھی لگائے گئے ہیں۔ کمپنی کے مطابق یہ سینڈل بطورِ خاص ایک شہزادی کےلیے بنائے گئے ہیں۔
نیچے کی تصویر میں گریس کیلی سے متاثر ہوکر جوتے بنائے گئے ہیں جن پر ہیرے اور دیگر قیمتی جواہرات چسپاں ہیں۔
ملاحظہ کیجئے قلوپطرہ شوز، جن کی قیمت 5 لاکھ 72 ہزار روپے ہے۔ اس میں جوتے کا تلا اور ہیل 19 قیراط سونے سے بنے ہیں اور اس پر سفید و سیاہ ہیرے لگائے گئے ہیں۔ ہیروں کی کل تعداد 28 ہے۔
فرانس کے مشہور فرماں رواں اور جرنیل نپولین کی بیوی جوزیفائین کے نام سے ایک اور شاندار سینڈل ہے۔ اس سینڈل پر 6 زمرد اور 8 لعل جڑے ہیں۔ اس جوڑے کی قیمت ساڑھے پانچ لاکھ روپے ہے اور یہ بھی جیڈا کمپنی نے تیار کیا ہے۔