مسلح تصادم کے نتیجے میں گولیاں لگنے سے چھ گاڑیاں بھی تباہ ہو گئیں ، وزیر اعلیٰ سندھ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سے رپورٹ طلب کر لی
سانگھڑ (یس اُردو) سانگھڑ میں بلدیاتی الیکشن سے پہلے فنکشنل لیگ اور پیپلزپارٹی کے کارکنوں میں مسلح تصادم نے تین افراد کی جان لے لی جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے، گولیاں لگنے سے چھ گاڑیاں بھی تباہ ہو گئیں ، وزیر اعلیٰ سندھ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سے رپورٹ طلب کر لی ۔سانگھڑ میں بلدیاتی انتخابات سے پہلے ہی صورتحال انتہائی کشیدہ ہو گئی جہاں فنکشنل لیگ اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے ریلیاں نکالیں ، رحمانی چوک پر دونوں جماعتوں کی ریلیاں پہنچیں تو دونوں جماعتوں کے کارکنوں میں جھگڑا ہوا جس کے بعد دونوں اطراف سے فائرنگ کا سلسلہ شروع ہو گیا۔فائرنگ سے 6 گاڑیاں بھی تباہ ہو گئیں، وقفے وقفے سے ہونے والی فائرنگ سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پایا جا رہا ہے جبکہ دونوں جماعتوں کے کارکن مختلف مقامات پر جمع ہونا شروع ہو گئے جس کے باعث صورتحال انتہائی کشیدہ ہو گئی۔بعد ازاں حالات پر قابو پانے کیلئے رینجرز کے دستے بھی پہنچ گئے ہیں ، وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے امن و امان قائم کرنے کی ہدایت کی ہے ۔