ممبئی (یس ڈیسک) بالی ووڈ کے ورسٹائل اداکار سنجے دت نے جیل سے 14دن کی رہائی کی مدت ختم ہونے کے پیش نظر مزید چند دنوں کی رہائی کی اپیل کر دی۔
سنجے دت گزشتہ ماہ 24 دسمبر کو یروادا جیل سے 14 دن کی رخصت پر گھر ممبئی آئے تھے۔ سنجے دت پہلے بھی کئی موقعوں پر پے رول پر جیل سے رہا ہو کر آتے رہے ہیں اور متعدد بار وقتی رہائی میں توسیع بھی کروا چکے ہیں‘ ایک دفعہ اپنے گھٹنے کا علاج کروانے کی غرض سے اور پھر اپنی اہلیہ کی اسپتال میں تیمار داری اور بچوں کی دیکھ بھال جیسے مواقع پر ایسی سہولت حاصل کرچکے ہیں۔
سنجے دت 1993ء میں ممبئی حملوں کے الزام میں جیل کاٹ رہے ہیں وہ پہلے بھی 18ماہ کی جیل کاٹ چکے ہیں جب کہ اب 42ماہ کی قید پونے کی یروادا جیل میں کاٹ رہے ہیں۔
دوسری طرف اطلاعات ہیں کہ اداکار سنجے دت کی زندگی پر بننے والی فلم میں امیتابھ بچن ان کے والد آنجہانی اداکار سنیل دت کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
اس فلم میں سنجے دت کا کردار اداکار رنبیر کپور ادا کر رہے ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ رنبیر اس کردار کے لیے اپنا وزن بھی چند کلو گرام تک بڑھا رہے ہیں۔