واشنگٹن:امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان سارہ سینڈر کو ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے کام کرنے پر ہوٹل کی مالکن نے بغیر کھانا فراہم کیے ریسٹورنٹ سے باہر نکال دیا۔ امریکا کے محکمہ خارجہ کی ترجمان سارہ سینڈر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بتایا ہے کہ ورجینیا کے ایک ریسٹورنٹ میں اہل خانہ کے ہمراہ رات کے کھانے کے موقع پر عجیب واقعہ پیش آیا جب ہوٹل کی خاتون مالکن ولکنسن نے ان کی ٹیبل کے پاس آکر کھانے کھائے بغیر ہی ریسٹورنٹ سے باہر چلے جانے کو کہا۔ ریسٹورنٹ کی مالکن نے سارہ سینڈرکو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ٹرمپ کے لیے کام کرتی ہیں اس لیے یہاں سے فوراً واپس چلے جائیں۔ سارہ سینڈر نے اپنے ٹویٹ میں مزید کہا کہ ریسٹورنٹ کی مالکن کے رویے پر کسی قسم کا ردعمل نہ دیتے ہوئے میں خاموشی سے باہر نکل آئی حالانکہ مالکن کا رویہ ان کے بارے میں بہت کچھ بتا رہا تھا لیکن میں ہمیشہ لوگوں کے ساتھ عزت سے پیش آتی ہوں چاہے وہ میری مخالف پر ہی آمادہ کیوں نہ ہو اور یہ باوقار رویہ میں ہمیشہ برقرار رکھوں گی۔محکمہ خارجہ کی ترجمان سارہ سینڈر کی ٹویٹ کے بعد بین الاقوامی میڈیا کے رابطہ کرنے پر ریسٹورنٹ کی مالکن ولکنسن کا کہنا تھا کہ سارہ انسانیت کا ساتھ دینے کے بجائے ٹرمپ جیسے ظالم شخص کے لیے کام کر رہی ہیں جو بچوں کو ان کے تارکین وطن والدین سے علیحدہ کر رہا ہے۔