اسلام آباد : مسلم لیگ ن نے سردار ایاز صادق کو دوبارہ سپیکر قومی اسمبلی بنانے کا فیصلہ کر لیا، ایاز صادق کو دوبارہ سپیکر بنانے کے لیے آئینی اور قانونی تقاضے پورے کر لئے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے ایاز صادق کو دوبارہ سپیکر قومی اسمبلی بنانے کے لیے آئینی اور قانونی اقدامات مکمل کر لئے ہیں۔
قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے رول 11 کے تحت سپیکر کا عہدہ خالی ہونے کی صورت میں جاری اجلاس یا آئندہ ہونے والے پہلے اجلاس کے آغاز میں سپیکر کا چناؤ کرایا جائے گا۔
الیکشن کمیشن نے ایاز صادق کے حلقہ این اے 122 میں 11 اکتوبر کو ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کیا ہے۔
حکومت نے بھی پارلیمانی کیلنڈر میں قومی اسمبلیکا آئندہ اجلاس ضمنی انتخابات کے 15 دن بعد 26 اکتوبر کو شیڈول کر دیا ہے تاکہ ایاز صادق کے منتخب ہونے کی صورت میں انہیں ہی پہلے اجلاس میں دوبارہ سپیکر منتخب کرایا جا سکے۔
ایاز صادق کے ضمنی انتخاب جیتنے کی صورت میں انہیں دوبارہ سپیکر قومی اسمبلی بنایا جائے گا۔ اس طرح ایاز صادق کے دوبارہ قومی اسمبلی کا سپیکر بننےکے لیے آئینی اور قانونی راستہ ہموار کر دیا گیا۔