پی آئی اے اپنے بے پناہ خساروں کے باعث ٹائی ٹینک جہاز بن گیا ہے، مشیرہوابازی
کراچی: وزیراعظم کے مشیر برائے ہوا بازی سردار مہتاب احمد خان نے کہا ہے کہ پی آئی اے اپنے بے پناہ خساروں کے باعث ٹائی ٹینک جہاز بن گیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق مشیر برائے ہوا بازی سردار مہتاب احمد نے کراچی میں پی آئی اے کے ری فربشڈ 777 طیارے کا جائزہ لیا اور حکام سے بریفنگ لی۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی تباہی میں ملازمین،افسران اور مختلف ادوار کی حکومتیں ذمہ دار ہیں، قومی فضائی کمپنی کو حکومت اور ملازمین نے کبھی اپنا نہیں سمجھا جس کے باعث ادارہ خسارے میں ڈوب گیا، پی آئی اے کا مجموعی خسارہ 4ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے اور منافع بخش ادارہ اپنے خسارے کے باعث ٹائی ٹینک جہاز بن چکا ہے جسے ڈوبنے سے بچانا ہے۔
مہتاب عباسی نے کہا کہ پی آئی کے 777 طیاروں کی مکمل اوورہالنگ کا فیصلہ کیا گیا ہے، طیاروں کی مرمت اورآرائش کیلیے بینکوں سے قرض لیا جائے گا تاہم بینکوں سےقرض لینا مہنگا ہے، پی آئی اے کی بحالی کے لئے حکومت سے جو رقوم مانگی گئی تھیں اس طرح سے نہیں ملیں۔ پی آئی اے کے بیڑے میں شامل جہازوں کی تزئین و آرائش مقامی سطح پر کی جارہی ہے۔
مشیر ہوا بازی کا کہنا تھا کہ نیویارک کی پروازوں سے 10 برسوں میں دو ارب روپے سے زائد کا نقصان ہوا ہے، فی الحال ہمارے پاس ایسے طیارے نہیں جو ان روٹس پر لمبے سفر کرنے کے قابل ہوں، اس لیے عارضی طور پر اس روٹ کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،