پیرس ( نمائندہ خصوصی سے ) ممتاز سیاسی و سماجی شخصیت شمع فوڈ انٹرنیشنل کے مالک معروف بزنس مین سردار ظہور اقبال کی جانب سے قریبی دوستوں کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔سردار ظہور اقبال نے اس موقع پرکہا کہ رمضان المبارک وہ مہینہ ہے جس میں اللہ تعالیٰ نفل کا ثواب فرض کے برابر اور فرض کا ثواب کم از کم ستر گنا بڑھا دیتے ہیں۔ اس میں امت محمدیہؐ کیلئے جنت کے دروازے کھول دیئے جاتے ہیں ، جہنم کے دروازے بند کر دیئے جاتے ہیں اور سرکش شیاطین کو زنجیروں میں جکڑ دیا جاتا ہے۔ روزہ وہ مبارک عمل ہے کہ جس کے بارے میں خدا تعالیٰ فرماتے ہیں کہ روزہ خالص میرے لیے ہے اور میں ہی اپنے بندہ کو اس کا اجر دونگا۔ روزہ کے ذریعے اللہ تعالیٰ کا قرب اور خوشنودی حاصل کی جاتی ہے۔ اس سے ذہنی و قلبی اطمینان نصیب ہوتا ہے، خواہشاتِ نفس دب جاتی ہیں، دل کا زنگ دور ہو جاتا ہے، انسان گناہوں، فواحشات اور بے ہودہ باتوں سے بچ جاتا ہے۔ روزہ کے ذریعے مساکین و غرباء سے ہمدردی پیدا ہوتی ہے۔ اس لئے ہمیں چاہئے کہ رمضان کے مہینے میں زیادہ سے زیادہ غریبوں ، یتیموں اور مساکین کی مدد کریں اور اللہ تعالٰی کو راضی کرلیں۔