پاکستان اورمیزبان انگلینڈ کے درمیان لارڈ ٹیسٹ آج سے شروع ہو گا، دونوں ٹیموں کے کپتان نئے ہیںپاکستان کی قیادت سرفراز احمد کریں گے جبکہ انگلینڈ کی قیادت جو روٹ کے ذمہ ہے۔
پاکستانی اسکواڈ زیادہ تر نوجوانوں پر مشتمل ہے اور ٹیم میں7ایسے کھلاڑی ہیں جو پہلی مرتبہ لارڈز کے گرائونڈ میں کھیلیں گے،لندن شہرمیں ٹھیک ایک سال قبل رمضان المبارک میں نوجوانوں پر مشتمل پاکستانی ٹیم نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا ٹائٹل جیت کر دنیائے کرکٹ میں تہلکہ مچا دیا تھا،پاکستان کی اس شہر سے خوشگوار یادیں ابھی محو نہیں ہو ئی ہیں تاہم اس مرتبہ فارمیٹ مختلف ہےاور نوجوان کرکٹرز کو کٹھن اور دشوار گزار امتحان سے گزرنا ہوگا جبکہ سرفراز احمد کا بھی یہ نیا امتحان ہوگا۔
پاکستان کی ٹیم اپنے سینئر کھلاڑیوں کی کارکردگی پر انحصار کررہی ہے جبکہ جونیئر کھلاڑی لارڈز میں یادگار کارکردگی دکھانا چاہتے ہیں۔ ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ ہم دو سال پہلے لارڈز میں جیتے ضرور تھے لیکن اس وقت ہماری ٹیم بہت زیادہ منفی اور دفاعی تھی، اب ہم زیادہ جارحانہ ہیں۔
مکی آرتھر نے کہا کہ انگلینڈ اپنی کنڈیشن میں مشکل ٹیم ہے لیکن ملک سے باہر اس کی کارکردگی مختلف رہی ہے۔ ہمیں انگلینڈ سے زیادہ اپنی ٹیم کی فکر ہے۔ ہماری ٹیم نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ ہم اپنے ٹیسٹ کرکٹ برانڈ کو نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔
محمد عامر آٹھ سال پہلے اسی گرائونڈ میں اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کی زد میں آئے تھے۔ انہیں اس داغ کو دھونے کے لئے میچ وننگ کارکردگی دکھانا ہوگی۔
لارڈز ٹیسٹ میچ کیلئے 12رکنی پاکستانی اسکواڈ پہلے ہی سامنے آچکا ہے جس میں کپتان سرفراز احمد کے علاوہ امام الحق، اظہرعلی، حارث سہیل، اسد شفیق، بابراعظم، شاداب خان، فہیم اشرف، محمد عامر، محمد عباس، اور راحت علی اور حسن علی میں سے کسی ایک کو شامل کیا جائے گا۔
ٹیسٹ میچ کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر تین بجے ہوگا، میچ کو امپائر راڈ ٹکر اور پال رائفل سپر وائز کریں گے۔ بروس آکسن فورڈ تھرڈ اور راب بیلی ریزرو امپائر ہوں گے۔ نیوزی لینڈ کے جیف کرو میچ ریفری ہوں گے۔