لاہور : چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے سرفراز احمد کے معاملے پر ٹیم مینجمنٹ کو کلین چٹ دیدی۔
لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ لندن میں تھا کہ سری لنکا کیخلاف وکٹ کیپر بیٹسمین کو ٹوئنٹی20 سیریز سے باہر بٹھانے کا علم ہوا، سوچا کہ انھیں ہم نے نائب کپتان بنایا ہے ٹیم سے ڈراپ کیسے کردیا گیا؟سرفرازکو باہر بٹھانا ہر ایک کیلیے تشویش کی بات تھی، کراچی میں تو تہلکہ مچ گیا تھا۔
میں نے اس حوالے سے ٹیم مینجمنٹ سے بھی بات کی،اب واضح طور پر بتا سکتا ہوں کہ انھیں ڈراپ کرنے میں کوئی سیاست یا کسی عہدیدار کا انفرادی عمل دخل نہیں تھا، ٹیم مینجمنٹ نے محض کرکٹنگ وجوہات کی بنا پر یہ فیصلہ کیا۔دوسری جانب سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا کہ سرفراز احمد ایک دلیر اور بہترین فائٹر کرکٹر ہیں لیکن ٹیم کمبی نیشن بنانے کے لیے نائب کپتان سمیت کسی کو بھی ڈراپ کیا جا سکتا ہے۔
اس پر واویلا درست نہیں،کراچی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ سینئرکھلاڑیوں کو ڈراپ کرنا مشکل ہوتا ہے کیونکہ اس سے وہ اپنا اعتماد بھی کھو بیٹھتے ہیں۔