نوشہرہ: سعودی وزیر مذہبی امور شیخ صالح بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ جو دشمن سامنے آئے گا سعودی اتحاد اس کا مقابلہ کرے گا۔
نوشہرہ میں جے یو آئی کے صد سالہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سعودی وزیر مذہبی امور شیخ صالح بن عبدالعزیز نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب بھائیوں کی طرح ہیں، پاکستانی قوم ایمان کے اعلیٰ درجے پر فائز اور اس کی ارض حرمین الشریفین سے محبت لازوال ہے، پاکستانی اور سعودی قوم اسلام اور حرمین کی حفاظت کرنے کے لیے ایک ہیں۔سعودی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ سعودی عوام پاکستان سے محبت کرتے ہیں، کسی مرحلے پر پاکستان کو تنہا چھوڑنے کا تصور بھی نہیں کیاجاسکتا۔ کوئی بھی قوم تشدد اوردہشت گردی برداشت نہیں کرسکتی، پاک سعودی اتحاد دشمنوں کے خاتمے، اسلام کی فتح اور فکراسلام ہے،جو دشمن سامنے آئے گا سعودی اتحاد اس کا مقابلہ کرے گا۔بعد ازاں امام کعبہ شیخ صالح بن ابراہیم نے نماز جمعہ کا خطبہ دیا ، جس میں انہوں نے فرمایا کہ اسلام امن و محبت کا دین ہے، قرآنی تعلیمات اور رسول اللہﷺکی اسوہ حسنہ میں ہی فلاح ہے، قرآنی تعلیم ہے اللہ کی رسی کومضبوطی سے پکڑواور تفرقے میں نہ پڑو،تمام مسلمان فرد واحد ہیں، اللہ تعالی ٰ نے مسلمانوں کو بہترین قوم بنایا، مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ فروعی اختلافات میں نہ پڑیں۔