اسلام آباد(ایس ایم حسنین)سعودی عرب کی جانب سے ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑے رہنے کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔ امید کرتے ہیں کہ سعودی عرب بھی اسی جذبے کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔یہ بات چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی کے ساتھ ملاقات میں کہی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سعودی سفارت خانے کے ٹویٹر پیغام کے مطابق ملاقات سعودی سفارت خانے میں ہوئی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور مستقبل میں ان کے فروغ بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین محمد صادق سنجرانی نے سعودی سفیر سے گفتگو میں کہا کہ ’دونوں ملکوں کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں۔ ہر مشکل وقت میں دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک ہمیشہ بین الاقوامی معاملات اور مسائل پر مشاورت سے کام کرتے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ ’سعودی عرب کی جانب سے ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑے رہنے کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔ امید کرتے ہیں کہ سعودی عرب بھی اسی جذبے کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔‘