جدہ(ویب ڈیسک) سعودی عرب میں مکہ اور مدینہ کے درمیان چلنے والی حرمین ہائی سپیڈ ریل سٹیشن پر اچانک خوفناک آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں 9افراد زخمی ہوگئے۔ سعودی میڈیا کے مطابق جدہ میں حرمین ہائی سپیڈ ٹرین سٹیشن پر اچانک آگ بھڑک اٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ بلند شعلوں میں تبدیل ہوگئےجس کے باعث آسمان پر کالے بادل چھا گئے۔ خوش قسمتی سے حادثے کے وقت سٹیشن پر لوگوں کی تعداد معمول سے کم تھی۔ریسکیو ادارے، سول ڈیفنس اور طبی ٹیم نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کاموں کا آغاز کیا اور 6 گھنٹے کی مسلسل مشقت کے بعد آگ پر قابو پالیا ہے جس کے لیے سعودی فوج کے ایک ہیلی کاپٹر کی بھی مدد لی گئی۔ایمبولینس کے ذریعے 5زخمیوں کو ہسپتال لایا گیا ہے جن کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔ 4زخمیوں کو جائے وقوعہ پر ہی طبی امداد فراہم کی گئی۔ آگ لگنے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے حکومت نے ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ واضح رہے کہ حرمین ریل اسٹیشن کو 6.7بلین یورو کی خطیر رقم سے تعمیر کیا گیا تھا اور گزشتہ برس ہی اسٹیشن کا افتتاح کیا گیا تھا۔ اس اسٹیشن سے مکہ اور مدینہ جانے کے لیے 450کلومیٹر طویل ٹریک بنایا گیا تھا۔ دوسری جانب ایک خبر کے مطابق سعودی حکومت کی جانب سے چند روز قبل سیاحتی ویزے کی سروس کا آغاز کیا گیاہے ۔ جس کے چند روز بعد ہی سیاحتی ویزوں پر غیر مُلکیوں کی آمد کا سلسلہ شرع ہو گیا ہے۔ سعودی اخبار 24 کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ کنگ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ دمام کے ٹویٹر اکاؤنٹ پر بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز اتوار کو اسپین سے سیاحتی ویزے پر آنے والے مسافر کا شاندار استقبال کیا گیا۔ اس اسپینی مسافر کو سیاحتی ویزے پر سعودی مملکت پہنچنے والے اولین سیاح کا اعزاز حاصل ہو گیا ہے۔ جبکہ ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر چین سے بھی سیاح آن پہنچے ہیں۔ سعودی پالیسی کے مطابق ہسپانوی مسافر کو ایئر پورٹ پہنچنے کے بعد موقع پر ہی سیاحتی ویزہ جاری کیا گیا۔