راولپنڈی : پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے پبی میں انسداد دہشتگردی ٹریننگ سنٹر کا دورہ کیا اور پاک سعودیہ مشترکہ مشقوں الشہاب کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی تعلقات ہیں۔ سعودی عرب کی سالمیت اور خودمختاری کوخطرہ ہوا تو پاکستان سخت ردعمل دیگا۔ آرمی چیف نے اپنے عزم کو دہرایا کہ انشاء اللہ پاکستا سے ہر قسم کی دہشتگردی کا خاتمہ کریں گے۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط، برادرانہ اور گہرے تعلقات کی ایک طویل تاریخ ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مشقیں دونوں قوموں کی دہشتگردی کے خلاف مشترکہ کوشش ہے۔ دونوں ممالک کی سپیشل سروسز گروپ کی مشترکہ مشقوں میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کرنے کی تربیت دی جاتی ہے۔