سعودی عرب میں ملازمین کی کل وقتی حاضری کو یقینی بنانے کے لئے دن میں پانچ مرتبہ فنگر پرنٹ حاضری کا نظام رائج کر دیا۔ اس کے باوجود کچھ ملازمین غیر ذمہ داری کے مرتکب پائے گئے جس کے بعد حکام نے فیصلہ کیا ہے کہ اب پانچ بار فنگر پرنٹ حاضری میں ناکام رہنے والے ملازمین کی تنخواہیں کاٹی جائیں گی۔
ریاض: سعودی میڈیا کے مطابق مدینہ کے میئر محمد العامری کا اس حوالے سے کہنا تھا دن میں پانچ بار فنگر پرنٹ حاضری کا نظام ملازمین کی باقاعدگی اور پیداواری صلاحیت کو بڑھانے کے لئے نافذ کیا گیا تھا۔ اب اگر ملازمین فنگر پرنٹ رجسٹریشن میں نصف سے ایک گھنٹے کی تاخیر کریں گے تو اس کے نتائج بھگتنا ہوں گے کیونکہ اگر ایک ماہ میں مجموعی تاخیر 10 گھنٹوں سے زیادہ نکلی تو تنخواہ کاٹی جائے گی۔ اب بھی کچھ ایسے ملازمین ہیں جو دن میں پانچ بار فنگر پرنٹ رجسٹریشن سے خوش نہیں ہیں اور صرف آتے اور جاتے وقت حاضری لگانے کو ترجیح دے رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پہلی فنگر پرنٹنگ دفتر آنے کے وقت ہو گی، دوسری 9 سے 9:30 بجے کے درمیان، تیسری 10:30 سے 11 بجے کے درمیان، چوتھی 11:45 سے 12:15 کے درمیان اور آخری چھٹی کے وقت ہو گی۔ حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ نئے نظام کے نفاذ کے بعد حاضری کی شرح 55.5 فیصد تک بڑھ گئی ہے۔