ریاض: سعودی عرب نے دارالحکومت ریاض پر حوثی باغیوں کی جانب سے داغے گئے میزائل کو فضاء میں ہی تباہ کردیا۔
حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پر ایک بار پھر بلاسٹک میزائل حملہ کیا ہے۔ حوثی باغیوں کی جانب سے داغے گئے دونوں میزائل کو سعودی عرب کے ایئر ڈیفنس نے فضاء ہی میں تباہ کرکے شہریوں کو بڑے نقصان سے بچالیا۔ حملے میں استعمال ہونے والے میزائل ایرانی ساختہ ہیں۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ انہیں ریاض کے مرکز میں زوردار دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں۔ جس کے بعد آسمان پر شعلے بلند ہوتے ہوئے بھی دیکھے۔ علی الصبح سعودی میڈیا نے حوثی میزائل حملے کو ناکام بنانے سے آگاہ کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران یمن کے حوثی باغیوں نے سعودی عرب کی حدود میں 5 سے زائد مرتبہ میزائل داغے ہیں تاہم ہر بار سعودی ایئر ڈیفنس نے بروقت کارروائی کر کے میزائل کو فضاء میں ہی تباہ کردیا تھا جس کی وجہ سے ان حملوں میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔