اسلام آباد(ایس ایم حسنین) سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی قیادت میں جی 20 ممالک کا اجلاس آئںدہ ماہ ہوگا۔ سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق جی 20 کا سربراہ اجلاس 21 اور 22 نومبر کو ہوگا جس میں رواں سال مارچ میں جی 20 کے اجلاس کے دوران اور اس کے بعد ہونے والے فیصلوں کو زیر بحث لایا جائے گا۔ جی ٹوئنٹی کی قیادت کی بین الاقوامی کوششوں کے نتیجے میں 21 ارب امریکی ڈالر سے زیادہ عطیات کے وعدے سامنے آئے ہیں۔ اس رقم کا مقصد وبائی امراض کی تشخیص، طبی آلات، ساز و سامان اور ویکسین کی تیاری اور تقسیم کے عمل میں مدد فراہم کرنا ہے۔
عالمی معیشت کو سہارا دینے کے لیے 11 کھرب ڈالر سے زیادہ کی رقم دی گئی۔
اسی طرح ترقی پذیر ممالک میں قرضوں کا بوجھ کم کرنے کے لیے 14 ارب ڈالر کی رقم صحت کے اور سماجی پروگراموں کی فنڈنگ کی صورت میں پیش کی گئی۔جی 20 اجلاس میں ورکنگ گروپس اور وزارتی سطح پر ہونے والی ملاقاتوں کے نتائج کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ جی 20 ممالک کے سربراہ آئندہ اجلاس میں کورونا کی وبا سے نمٹنے کے اقدامات اور انسانی جانوں کے تحفظ اور معیشت کی دوبارہ نمو پر توجہ مرکوز کریں گے۔