اسلام آباد، ریاض (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے اقتدار میں آتے ہی عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ کوبہتر بنانے اور معاشی بحالی کیلئے کاوشیں شروع کیں اور مالی امداد کے علاوہ بھی کئی کامیابیاں ملنے کے اعلانات کیے گئے اور تازہ خبرسعودی عرب سے آئی ہے اور پاکستان کے حج کوٹہ میں پانچ ہزار افراد کااضافہ کردیاگیا۔تازہ اضافے کے بعد آئندہ سال ایک لاکھ 84 ہزار 210 پاکستانی فریضہ حج ادا کرسکیں گے۔وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے کوٹے میں اضافے کا معاہدہ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ تجاویز ماننے پر سعودی حکومت کے شکر گزار ہیں، حج 2019ءمعاہدے پر وفاقی وزیر نور الحق قادری اور ان کے سعودی ہم منصب نے دستخط کئے، معاہدے کی رو سے پاکستانی حجاج کو ای ویزہ دیا جائے گا۔ وزارت مذہبی امورکے ترجمان نے بتایاکہ روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ سے ابتدائی طور پر سندھ کے 35 ہزار حجاج مستفید ہوں گے، عازمین حج کی تصدیق اور امیگریشن کا عمل کراچی ایئرپورٹ پر ہوگا۔ یہ بھی بتایاگیاکہ سعودی عرب کی طرف سے 2 ہزار ریال فیس کے خاتمے کا فیصلہ خادم حرمین شریفین سے مشاورت کے بعد ہوگا تاہم زیادہ تر پاکستانی حجاج کو اولڈ منیٰ میں ٹھہرانے کی کوشش کی جائے گی۔