ریاض: یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب میں داغے گئے دو بیلسٹک میزائل حملے سعودی فورسز نے ناکام بنا دیئے۔
تفصیلات کے مطابق یمن میں برسرپیکار حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے جنوبی سرحدی شہر خمیس مشیط کو یکے بعد دیگرے دو بیلسٹک میزائل حملوں کے ذریعے نقصان پہنچانےکی کوشش کی تاہم سعودی عرب کے فضائی نظام نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے حملے ناکام بنا دیئے۔
ترجمان عرب اتحاد ’کرنل ترکی المالکی‘ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ حوثی ملیشیا نے ہفتے کی شام یمن سے سعودی عرب کے جنوبی سرحدی شہر خمیس مشیط کی جانب دو بیلسٹک میزائل داغے تھے، ان میں سے ایک میزائل کو فضا میں ہی ناکارہ بنا دیا گیا جبکہ دوسرا میزائل خمیس مشیط کے غیر آباد صحرائی علاقے میں
کرنل ترکی المالکی کا مزید کہنا تھا کہ ان میں سے ایک میزائل کو مقامی وقت کے مطابق شام 6 بجے کے قریب ناکارہ بنایا گیا جبکہ دوسرا میزائل شہر کے آبادی والے علاقوں سے دور بے آباد صحرائی علاقے میں گرا ہے جسے بعد ازاں ناکارہ بنا دیا گیا تاہم اس حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
یاد رہے کہ دو روز قبل ترجمان عرب اتحاد ترکی المالکی نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا تھا کہ حوثی باغی ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت سعودی عرب کی شہری آبادی کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنا رہے ہیں، لیکن ہم ان کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
یاد رہے کہ رواں سال 13 مئی کو حوثی باغیوں نے سعودی شہر جازان کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی تاہم بروقت کارروائی کرتے ہوئے سعودی فورسز نے اس حملے کو بھی ناکام بنا دیا تھا۔