اسلام آباد: پوری قوم کو سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا انتظار ہے اور وہ آج شام پاکستان پہنچیں گے ان کے استقبال کی تیاریاں بھی بھرپور طریقے سے کی جاچکی ہیں۔ جبکہ دوسری جانب نجی ٹی وی چینل کے مطابق سعودی وزیرخارجہ عادل الجبیر پاکستان پہنچ گئے
انکے استقبال کیلئے شاہ محمود قریشی نور خان ایئربیس پر موجود ہیں۔ جبکہ دوسری جانب سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے استقبال کی تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئیں ہیں اور اسلام آباد میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں تاہم اب ان کی آمد کا وقت بھی سامنے آ گیا ہے ۔ نجی ویب سائٹ نے اپنی رپورٹ میں کہاہے کہ محمد بن سلمان آج شام 7 بجے اسلام آباد پہنچیں گے جہاں ان کا بھر پور طریقے سے استقبال کیا جائے گا۔ محمد بن سلمان کی آمد سے قبل نور خان ایئر بیس پر سعودی وفد پر مشتمل سات طیارے پہنچ گئے ہیں ، ولی عہد کا استقبال کرنے کیلئے وزیراعظم عمران خان خود ایئر پورٹ جائیں گے اور انہیں اس موقع پر پاک فضائیہ کے شیر دل سلامی بھی پیش کریں گے ۔ محمد بن سلمان کے طیارے کے پاکستان میں داخل ہوتے ہی پاک فضائیہ کے طیارے انہیں اپنے حصار میں لیں گے اور فضا میں سیکیورٹی فراہم کریں گے ۔ولی عہد محمد بن سلمان کو 21 توپوں کی سلامی بھی دی جائے گی ۔ وزیراعظم ہاﺅس ہیلی کاپٹر کے ذریعے جایا جائے گا جہاں ولی عہد اور عمران خان کے درمیان ون آن ون ملاقات بھی ہو گی جبکہ ان کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام بھی کیاگیا ہے ۔