ریاض(ویب ڈیسک)برطانیہ کے وزیر خارجہ جیرمی ہنٹ نے سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل اور یمن جنگ سے متعلق سعودی فرماں رواں شاہ سلمان سےملاقات کی۔فرانسیسی خبررساں ادارے ’ اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق سعودی پریس ایجنسی نے بتایا کہ جیرمی ہنٹ اپنے دورے میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات میں خطے میں حالیہ تبدیلیوں سے بات چیت ہوئی۔
برطانوی وزیر خارجہ نے 2 اکتوبر کو سعودی قونصل خانے میں جمال خاشقجی کے قتل کے بعد سے سعودی عرب کو بین الاقوامی تنقید کا سامنا کرنے پر دورہ کیا ہے۔جیرمی ہنٹ نے سعودی صحافی کے قتل سے متعلق کہا تھا کہ ’جمال خاشقجی کے ظالمانہ قتل پر عالمی برادری خوف اور افسوس میں مبتلا ہے‘۔انہوں نے کہا تھا کہ ’ یہ ناقابلِ قبول ہے کہ اس قتل کے حقائق تاحال واضح نہیں ہوسکے،ہم سعودی حکام سے اصرار کرتے ہیں کہ وہ جمال خاشقجی کے قتل میں ترک تحقیقات کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ ان کے خاندان کو انصاف مل سکے‘جیرمی ہنٹ نے 3 برس سے جاری یمن جنگ کے خاتمے کے لیے اقوام متحدہ کی کوششوں میں تعاون کے لیے سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر سے بھی ملاقات کی۔برطانوی وزیر خارجہ نے مذکورہ دورے سے قبل کہا تھا کہ ’ یمن جنگ میں انسانی جانوں کا ضیاع ان گنت ہے اس خونریزی میں لاکھوں افراد بے گھر ہوئے ، قحط اوربیماریوں میں مبتلا ہیں‘۔انہوں نے کہا کہ ’ اس کا واحد حل یہ ہے کہ سیاسی فیصلہ کرتے ہوئے ہتھیار چھوڑ کر امن قائم کرنے کی کوشش کی جائے‘۔جیرمی ہنٹ نے کہا تھا کہ ’ برطانیہ کو اقوام متحدہ سیکیورٹی کونسل میں اہم پوزیشن اور خطے میں متاثر کن اثر و رسوخ کی وجہ سے اہمیت حاصل ہے لہذا میں خلیجی ممالک جارہا ہوں تاکہ امن قائم کرنے کا مطالبہ کیا جاسکے‘۔