سعودی وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں، پاکستانی قیادت کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور خلیجی ممالک کی سلامتی ہمارے لئے بہت اہم ہے، سعودی عرب کی سالمیت کو خطرہ ہوا تو بھرپور جواب دیں گے، شہزادہ محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ تمام معاملات پر پاکستان کی مکمل حمایت کریں گے۔اسلام آباد: (یس اُردو) سعودی وزیر دفاع اور نائب ولی عہد کی پاکستان پہنچتے ہی سیاسی و عسکری قیادت سے ملا قاتیں، پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ سعودی عرب کی سالمیت کو خطرہ ہوا تو بھرپور جواب دیں گے۔ شہزادہ محمد بن سلمان پرائم منسٹر ہاؤس پہنچے تو وزیر اعظم نواز شریف نے دفتر سے باہر آ کر ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں خطے کی صورتحال سعودی ایران کشیدگی اور مشرق وسطی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ وہ سعودی عرب اور ایران میں تنازعہ مذاکرات سے حل کرنے کے خواہاں ہیں۔ مسلم ممالک کو کشیدگی دور کرانے میں کردار ادا کرنا چاہئے۔ شہزادہ محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ مشکل وقت میں ساتھ دیا۔ وہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ سعودی وزیر نے جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے بھی ملاقات کی جس میں خطے کی سکیورٹی صورتحال اور دفاعی تعاون کے معاملات زیر بحث آئے۔ جنرل راحیل شریف نے کہا کہ سعودی عرب اور خلیجی ممالک کی سلامتی ہمارے لئے اہم ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مثالی نوعیت کے ہیں، سعودی عرب کی سالمیت کو خطرہ ہوا تو بھرپور جواب دیں گے۔ سعودی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ وہ علاقائی استحکام کے لئے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہیں اور تمام معاملات پر پاکستان کی مکمل حمایت کریں گے۔ اس سے پہلے سعودی نائب ولی عہد پاکستان پہنچے تو نور خان ایئر بیس پر وزیر دفاع خواجہ آصف، مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور عسکری حکام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ سعودی وزیر دفاع اور نائب ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سیاسی اور عسکری قیادت سے اہم ملاقاتوں کے بعد وطن روانہ ہو گئے ہیں۔