ریاض:سعودی عرب کے شہر الشملی میں سلمیٰ نامی خاتون نے شوہر کو تکلیف سے نجات دلانے کے لئے نصف جگر عطیہ کردیا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کے شہر اشملی گورنری کے علاقے حائل سے تعلق رکھنے والی خاتون سلمیٰ نے اپنے بیمار شوہر کو مرض سے نجات دلانے کے لئے اپنا نصف جگر عطیہ کردیا۔ سلمیٰ کے والد خلف بن لافی الغنزی کا کہنا ہے کہ ان کا داماد گزشتہ 7 برس سے جگر کے مرض میں مبتلا تھا اور مسلسل بیماری کی وجہ سے کرب سے گزر رہا تھا، اپنے شوہر کی تکلیف کو دیکھتے ہوئے سلمیٰ نے فیصلہ کیا کہ اپنے شوہر کی زندگی بچانے کے لئے جگر کا آدھا حصہ عطیہ کردے گی۔خلف بن لافی کا کہنا ہے کہ سلمیٰ نے قربانی دی وہ قابل تحسین ہے لیکن اس کے انسانی جذبے سے بھرپور اقدام پر حکومت نے مملکت کے تیسرے اعلیٰ ترین اعزاز شاہ عبدالعزیز ایوارڈ سے نوازا ہے جو ہمارے لئے باعث فخر ہے۔