شاہد آفریدی کپتان یا ڈان؟ قومی کرکٹ ٹیم میں 2 دھڑے بن گئے؟ ٹیم میں اختلافات کی خبریں زور پکڑ گئیں۔ سینئر کھلاڑیوں کو شاہد آفریدی کی کپتانی پر تحفظات ہیں۔
کولکتہ: (یس اُردو) ورلڈ کپ میں بھارت سے شکست کی تاریخ نہ بدل سکی، اور بدلتی بھی کیسے، ٹیم ایک ہو کر کھیلتی تو نا۔ لالہ الیون میں اختلافات کی خبریں زور پکڑ گئیں کہ ان کی کپتانی بچانے کے لئے کھلاڑیوں کے کیرئر سے کھیلا جا رہا ہے۔ کرکٹ ماہرین کو بھی پھوٹ کی بو آنے لگی۔ ٹی 20 ورلڈ کپ کے سلسلے میں بھارت سے ہونے والے میچ میں قومی ٹیم کو شکست ہوئی تو تجزیوں کی نئی لہر شروع ہو گئی۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ شاہد آفریدی کو صرف کپتان ہی نہیں ڈان بنا دیا گیا ہے۔ اسی لئے تو ایک الیون میں دو ٹیمیں بن گئی ہیں۔ سینئر کھلاڑیوں نے بھی تحفظات ظاہر کر دئیے کہ آفریدی کی کپتانی بچانے کے لئے ان کے کیریئر سے کھیلا جا رہا ہے۔ شاہد آفریدی کو چند کھلاڑیوں کی قیادت نہیں سونپی گئی، پوری قوم کی نمائندہ ٹیم کے وہ کپتان ہیں، پسند نا پسند اور اختلافات کی خبریں ہیں تو کپتان سمیت ٹیم منجمنٹ اس کی تردید کرے یا پھر قوم کے تحفظات دور کئے جائیں۔