کپتان کہتے ہیں 1983 میں آف شور کمپنی کے ذریعے لندن میں فلیٹ خریدا ، پیسہ کاؤنٹی کرکٹ کھیل کر کمایا کوئی غلط کام نہیں کیا
لندن (یس اُردو) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپنا فلیٹ بیچنے کی تفصیلات دکھائیں اور کہا کہ میں نے اکاؤنٹنٹ کے کہنے پر 1983ء میں آف شور کمپنی بنائی۔ انہوں نے بتایا کہ میں چونکہ برطانوی شہری نہیں تھا، اس لئے پراپرٹی خریدنے کیلئے آف شور کمپنی بنانا پڑی۔ اسی کمپنی کے ذریعے فلیٹ خریدا اور بیچا تھا۔ اس طرح کمپنی بنانا غیر قانونی عمل نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر آف شور کمپنی نہ بناتا تو ٹیکس دینا پڑتا۔ جو میں نے کیا وہ کوئی جرم نہیں ہے۔ جس رقم سے فلیٹ خریدا، وہ کرکٹ کھیل کر حاصل کی تھی۔ میں اس وقت دو کاونٹیز کیلئے کرکٹ کھیلا کرتا تھا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اور ان کی فیملی پاکستان کو تباہ کر رہے ہیں۔ حکومت ٹی او آرز پر رضامند نہیں ہوتی تو پاکستان کی سب سے بڑی تحریک شروع کریں گے۔