اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارش اور برفباری کی پیش گوئی کردی ہے جب کہ کراچی میں کل اور پرسوں بارش کا امکان ہے۔
Scattered rain forecast again in Karachi
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک فعال سلسلہ جمعہ کے روز بلوچستان کے راستے ملک میں داخل ہوگا جس کی وجہ سے بلوچستان میں جمعہ سے اتوار کے دوران اکثر مقامات پر بارش اور برف باری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے کراچی میں بھی مزید ایک ماہ موسم سرد رہنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی سمیت سندھ میں چند مقامات پر کل اور پرسوں بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بالائی پنجاب میں بھی اتوار سے بدھ کے دوران کہیں کہیں بارش کا امکان ہے جب کہ خیبر پختونخوا، فاٹا اور گلگت بلتستان میں ہفتہ سے بدھ کے دوران کہیں کہیں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔ پہاڑی علاقوں میں شدید برفباری کے بعد ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کی لہر مزید چند روز جاری رہے گی۔