لاڑکانہ میں جاری موئن جودڑو پر 3روزہ کانفرنس کے دوسرے روز ماہرین آثار قدیمہ نے مقالے پیش کئے۔ مختلف تہذیبوں کی عکاسی کرتی محفل موسیقی کا انعقاد بھی ہوا۔
5ہزارسال پرانی تاریخ رکھنے والے موئن جودڑو کے بارے میں سہ روزہ بین الاقوامی کانفرنس موئن جودڑو میں جاری ہے۔ کانفرنس کا افتتاح وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے کیا۔ کانفرنس کے دوسرے روز چار سیشن ہوئے، جس میں مختلف ممالک کے ماہرین آثار قدیمہ نے اپنے اپنے مقالے پڑھے۔ ڈاکٹر جوناتھن مارک کا کہنا تھا کہ موئنجودڑو کے اسٹوپا اور بڑے حمام کے نیچے کسی محل کے آثار مل سکتے ہیں۔ امریکی ماہر آثار قدیمہ ڈاکٹر رچرڈ میتھو نے کہا کہ جدید آلات کی بدولت محفوظ ترین طریقے سے موئن جودڑو کے پوشیدہ راز دریافت کیے جاسکتے ہیں۔ ماہر آثار قدیمہ ڈاکٹر صوفیہ میری کا کہنا تھا کہ یونیسکو موئنجودڑو کی حفاظت کے لیے اقدامات جاری رکھےگا۔ کانفرنس میں وادی سندھ کی مختلف تہذیبوں کی عکاسی کرتی محفل موسیقی کا بھی اہتمام کیا گیا۔ کانفرنس میں 15ملکوں کے33 سے زائد مندوبین شریک ہیں۔