اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوئٹریش نے پاکستان اور بھارت کے درمیان غیرجانبدار ثالث بننے کی پیشکش کی ہے۔
انہوں نے یہ پیشکش اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی سے ملاقات میں کی، ملاقات کے دوران ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے انتونیو گوئٹریش کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال بالخصوص
کنٹرول لائن اور ورکنگ بائونڈری کے قریب کپواڑہ اور راجوڑی کے اضلاع میں بھارت کی اسپیشل فورسز کی تعیناتی سے آگاہ کیا اور اسے کشیدگی میں اضافے کی جانب ایک اور قدم قرارد یا۔
ملاقات میں ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے سیکرٹری جنرل کو پاکستان میں بھارتی مداخلت اور دہشت گردی کے حوالے سے دستاویزات بھی فراہم کیں۔ قبل ازیں اکتوبر میں بھی عالمی ادارے کو اس طرح کی دستاویزات فراہم کی گئیں تھیں۔ ان دستاویزات میں پاکستان میں بھارتی بالخصوص بھارتی خفیہ ایجنسی را کی مداخلت اور کراچی، فاٹا اور بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعات میں ملوث ہونے کے اضافی ثبوت فراہم کئے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو بتایا کہ پاکستان نے بھارت کی اشتعال انگیز کارروائیوں اور کئی محاذوں پر خطرناک صورتحال کے باوجود انتہائی ضبط وتحمل کا مظاہرہ کیا ہے اور ورکنگ بائونڈری اور ایل او سی بھارتی اشتعال انگیز کارروائیوں کے باوجود صبر کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا ۔ ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے خبردار کیا کہ پاکستان مناسب جوابی کارروائی کی استعداد رکھتا ہے اور ہم اپنی علاقائی سالمیت کے خطرے کو برداشت نہیں کریں گے۔