counter easy hit

کم سے کم ایٹمی دفاعی صلاحیت برقرار رکھنا ہمارا حق ہے :سیکرٹری خارجہ

 Secretary of State

Secretary of State

پرامن ملک ہونے کی حیثیت سے پرامن ہمسائیگی کے وژن پر عمل پیرا ہیں ، ہمیں ایٹمی ہتھیاروں کے حصول پر مجبور کیا گیا :اعزاز چودھری
اسلام آباد (یس اُردو) سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چودھری کا کہنا ہے کہ پاکستان کو ایٹمی ہتھیار بنانے پر مجبور کیا گیا ، ہمارا جوہری پروگرام اپنے دفاع اور خطے میں طاقت کا توازن برقرار رکھنے کے لئے ہے ۔ اعزاز چودھری کہتے ہیں کم سے کم ایٹمی دفاعی صلاحیت برقرار رکھنا ہمارا حق ہے ، عالمی برادری جنوبی ایشیاء میں ایٹمی عدم پھیلاؤ سے متعلق متوازن رویہ اپنائے ۔ سیکرٹری خارجہ اعزاز چودھری نے انسٹیٹوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پرامن اور ذمہ دار ملک ہونے کی حیثیت سے پرامن ہمسائیگی کے وژن پر عمل پیرا ہے ۔ پاکستان نے مسلسل 24 سال خطے کو غیر جوہری رکھنے کیلئے تجاویز دیں ، انیس سو چوہتر میں پڑوسی ملک بھارت نے پہلا ایٹمی تجربہ کر کے ہمیں بھی ایٹمی ہتھیار کا حصول ممکن بنانے پر مجبور کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ایٹمی پروگرام اپنے دفاع اور خطے میں طاقت کا توازن برقرار رکھنے کے لئے ہے ، پاکستان کا ایٹمی پروگرام مکمل طورپر محفوظ اور انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے اصولوں کے مطابق ہے ۔ سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ کم سے کم ایٹمی دفاعی صلاحیت برقرار رکھنا ہمارا حق ہے ۔ پاکستان کو باقی ممالک کی طرح نیوکلیئر سپلائرز گروپ کا رکن ہونا چاہیئے ۔ ایٹمی عدم پھیلاؤ سے متعلق عالمی برادری کو جنوبی ایشیاء میں متوازن رویہ اپنانا چاہیئے ۔ پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے خلاف پروپیگنڈہ بے بنیاد ہے ، جوہری عدم پھیلائو کے حوالے سے دنیا پاکستان کے موقف اور اقدامات کو سراہتی ہے ، پاکستان کا موقف ہے کہ خطے کے محدود وسائل عوام کی فلاح و بہبود پر صرف ہونے چاہیئیں ، خطے میں سٹریٹجک استحکام کے لئے پاکستان ہر قسم کے اقدامات کے لئے تیار ہے ۔ پاکستان ایٹمی عدم پھیلائو کا حامی ہے اور اس حوالے سے کاوشوں کا حصہ رہا ہے ۔ خطے میں امن و استحکام کے لئے کوشاں ہیں ، تعلیم ، صحت ، ماحولیات سمیت فلاحی شعبوں میں دیگر ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہیں ۔