فرانس (اشفاق چودھری) وحدانیت کے بعد اسلام کی بنیاد انصاف اور اعتدال پر ٹکی ہوئی ہے اور مساوات کے بغیر نہ تو اعتدال و توازن قائم ہوسکتا ہے اور نہ ہی انصاف ممکن ہے اسلئے پاکستان کو حقیقی معنوں میں اسلامی ‘ فلاحی ‘ جمہوری اور عوامی ریاست بنانے اور وطن عزیز دہشتگردی ‘ کرپشن اور بحرانوں و مسائل سے نجات دلانے کیلئے جہاں احتساب ضروری ہے وہیں احتساب کیلئے مساوات کے اصول کا مدِ نظر رکھا جانا اور ہر ایک کا بلا تفریق احتساب ہی پاکستان و عوام کے مستقبل کو محفوظ و خوشحال بناسکتا ہے۔
پی پی پی فرانس کے رہنماؤں ملک منیر احمد جنرل سیکریٹری، اصغر صغیر میڈیا اڈوایزر، قاری فاروق ، چیف اورگنا یزرو دیگر نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے سیاستدانوں کی کرپشن کو تسلیم کرکے یقینا جراتمندی کا اظہار کیا ہے اور ان کا بلا تفریق احتساب کا مطالبہ یقینا مبنی برحق اور ملک و قوم کے مفاد میں ہے اسلئے اس پر کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہئے بلکہ ہر محب وطن اور اہل ایمان کو ان کے اس مطالبے کی حمایت میں ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہونے کی ضرورت ہے۔
جبکہ چیف جسٹس نے عدلیہ سے خود احتسابی کے مطالبے کے ذریعے ایک طرح سے رضا ربانی کے مطالبے کی حمایت کا عندیہ دیا ہے جس پر پوری قوم چیف جسٹس کی شکر گزار اور ملک میں بلا تفریق احتساب کی خواہشمند ہے اور قوم کی رائے ہے کہ بلا تفریق احتساب کے مخالفین نہ تو اہل ایمان ہوسکتے ہیں ‘ نہ محب وطن پاکستانی اور نہ ہی انہیں عوام دوست کہا جاسکتا ہے۔