ضیا الحق بارود کے ڈھیر اور نواز شریف چھوڑ گئے ، یہ دونوں ملک کیلئے تباہ کن ہیں :سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی
اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر بخاری کا کہنا ہے کہ پارہ چنار سانحہ کے بعد نااہل اور ناکام حکومت سے کیا مطالبات کریں ، سیکورٹی اداروں کے سربراہان پارہ چنار میں امن قائم کریں ، ضیاء الحق بارود کے ڈھیر اور نواز کو چھوڑ گئے جو دونوں ملک کیلئے تباہ کن ہیں۔ پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر بخاری اور سینیٹر فرحت اللہ بابر نے پریس کلب کے باہر ایم ڈبلیو ایم کے دھرنے میں شرکت کی ۔ احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے نیئر حسین بخاری نے کہا کہ پارہ چنار میں پہلے بھی اس طرح کے واقعات ہوچکے ہیں ۔ وزیر داخلہ کہتے ہیں سیکیورٹی الرٹس جاری کئے تھے ، یہ داعش کی ہی کارروائیاں ہیں ، نااہل اور ناکام حکومت سے کیا مطالبات کریں ، ضیاء الحق اس ملک کے لئے بارود کا ڈھیر اور نواز شریف چھوڑ کر گئے ،
بارود کے ڈھیر اور نواز شریف دونوں ملک کے لئے تباہ کن چیزیں ہیں ، حقیقی معنوں میں ملک کی سیکیورٹی کے لیے کام کرنے والے اداروں کے سربراہان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ پارا چنارمیں امن قائم کیا جائے ۔ وزیر اعظم نے غیر ملکی دورہ مختصر کر کے کوئی احسان نہیں کیا ، احمد شرقیہ کی طرح انہیں پارہ چنار بھی جانا چاہیے تھا۔ فرحت اللہ بابر نے کہا کہ حکومت پاراچنار کو ایک جزیرہ بنانا چاہتی ہے، جہاں کوئی میڈیا یا سول سوسائٹی نہ جاسکے، اگر یہ ریاست کی پالیسی ہے تو انتہائی خطرناک صورتحال ہوگی، وزیراعظم کو فی الفور پارا چنار جانا چاہیے۔