مہمند ایجنسی میں افغانستان کی جانب سے سلالہ چیک پوسٹ پر سیکورٹی فورسز پرحملہ ناکام بنا دیا گیا ہے مقامی ذرائع کے مطابق حملہ پیر کی شام ساڑھے پانچ بجے ہوا جب افغانستان کی طرف سے دہشت گردوں نے پاکستانی چوکی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی ۔
مقامی ذرائع کے مطابق مہمند ایجنسی میں پاک افغان سرحد پر بایزئی تحصیل کی حدود میں واقع سلالہ چیک پوسٹ پر افغانستان کی جانب سے مسلح دہشت گردوں نے فائرنگ کی ۔
اس کے جواب میں چیک پوسٹ پر تعینات مہمند رائفلز نے کارروائی کرکے دہشت گردوں کو بھاگنےپر مجبور کیا ۔ کافی دیر تک جاری رہنے والی فائرنگ کے نتیجے میں کسی جانی و مالی نقصان کی تصدیق نہیں ہوسکی ۔
سلالہ چیک پوسٹ پر 26 نومبر 2011 کو افغانستان میں موجود نیٹو فورسز کے حملہ کی زد میں آئی تھی جس میں 24 پاکستانی فوجی جوان شہید ہوگئے تھے اور پاکستان نے احتجاج کے طور پر کافی عرصہ تک پاکستان سے نیٹو کی سپلائی بند کر دی تھی ۔