کراچی…….. کراچی میں سیکورٹی ادارے کا اعلیٰ سطح کااجلاس ہوا جس میں لیاری گینگ وار اور سیاسی جماعتوں کے عسکری ونگز کے مطلوب ملزمان کی فوری گرفتاری کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ انٹرپول سے رابطے کے لیے حکومت سے درخواست بھی کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق سیکورٹی اداروں نے گینگ وار ملزمان اور سیاسی جماعتوں کے عسکری ونگ کے ملزمان کی اندرون ملک اور بیرون ملک گرفتار ی یقینی بنانے کا فیصلہ کیاہے،فرار ملزمان کی گرفتاری میں مدد دینے والوں کو 50 لاکھ روپے تک کا انعام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اجلاس میں شریک افسران کو لیاری گینگ وار کے اہم کمانڈروں استاد تاجو، بابا لاڈلہ، غفار زکری، سنی، شفیع پٹھان، ملا عتیق، رئوف ناظم، وصی لاکھو، فیصل پٹھان، آغا شوکت، شیراز زکری، عمر کچھی، شکیل بادشاہ خان، سردار آصف عرف مٹھل، گلابو، ساجد گولی مار، جمیل چھانگا، سلیم چاکلیٹی، سعید کاجل، ملا سہیل سمیت دیگر کو جلد از جلد گرفتار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔دوسری جانب بیرون ملک فرار گینگسٹر بابا لاڈلہ، استاد تاجو، ملا نثار، آغا شوکت، شیراز کامریڈ، سنی، شکیل خان جوکہ دبئی میں ہیں، انٹرپول کے ذریعے ان کی گرفتاری کے لئے بھی حکومت سے کہا ہے۔