کراچی(ویب ڈیسک)سینئر تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ نواز شریف علاج کیلئے باہر چلے گئے تو ن لیگ پوری طرح بکھر جائے گی،نیب کی طرف سے چوہدری برادران کیخلاف کیس بند کرنے کی وجہ سمجھ نہیں آرہی۔ ان خیالات کا اظہار مظہر عباس، بابر ستار، بینظیر شاہ، سلیم صافی، ارشاد بھٹی اور حسن نثار نے جیو نیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان ابصاء کومل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پہلے سوال نواز شریف نے 6ہفتوں کی ضمانت میں توسیع کیلئے درخواست دائر کردی، اس اقدام سے سابق وزیراعظم کو سیاسی فائدہ ہوگا یا نقصان؟بینظیر شاہ نے کہا کہ نواز شریف کی ضمانت میں توسیع کی درخواست سے ن لیگ کو نقصان ہو گا۔ مظہر عباس کا کہنا تھا کہ نواز شریف علاج کیلئے باہر چلے گئے تو ن لیگ پوری طرح بکھر جائے گی،نواز شریف کو جیل کاٹنے میں بہت مشکل ہوتی ہے۔ حسن نثار نے کہا کہ نواز شریف اینڈ کمپنی نفع نقصان اور سود و زیاں سے آگے بڑھ چکی ہے یہی اس ملک کیلئے بہتر ہے۔ ارشاد بھٹی نے کہا کہ نواز شریف کو رائج نظام میں نہ پہلے کبھی نقصان ہوا نہ ہوگا۔دوسرے سوال کیاچوہدری برادران کیخلاف نیب انکوائری بند کرنے کی وجہ سیاسی ہے؟ ارشاد بھٹی نے کہا کہ چوہدری براردان کیخلاف کیس بہت عرصہ سے چل رہا تھا ان کیخلاف کچھ نہیں ملا تو انہیں نکال دیا گیا۔دوسری جانب خبر کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان نے ماحولیاتی آلودگی سے متعلق کیس کی سماعت کے دور ان وفاقی اور صوبائی حکومتوں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی احکامات کی تعمیل نہیں ہو رہی، کیا حکومت سو رہی ہے، سیکرٹری ماحولیات کو طلب کر لیا۔ منگل کو جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت عدالت نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں ماحولیاتی کمیشن کے ساتھ تعاون نہیں کر رہی۔جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہاکہ ماحولیاتی آلودگی انتہائی اہم مسئلہ ہے ۔