واشنگٹن: امریکا میں تعینات پاکستان کے نئے سفیراعزازاحمدچوہدری نے صدرڈونلڈ ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کی اورانہیں اپنی سفارتی اسنادپیش کیں جب کہ پاکستانی سفیرنے امریکی صدرکوپاکستانی قیادت اورعوام کی نیک خواہشات پہنچائیں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق ملاقات میں اعزازچوہدری نے پاکستان امریکا تعلقات کی بہتری کیلیے نیک خواہشات کا اظہارکیا اورکہا کہ پاکستانی قیادت اورعوام امریکا کے ساتھ 7 دہائیوں پرمشتمل تعلقات کومزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔ اعزازچوہدری نے صدرٹرمپ کوپاکستان سے متعلقہ خدمات سے آگاہ کیا جس پرامریکی صدرنے اعزازچوہدری کی خدمات اوراعلٰی کارکردگی کوسراہا۔ ملاقات میں امریکی صدرنے کہا پاکستان اورامریکا کے تعلقات اہم نوعیت کے ہیں، ہم ان تعلقات میں بہتری کے خواہشمندہیں۔ ڈونلڈٹرمپ نے وزیراعظم نوازشریف کیلیے نیک تمناؤں کا اظہارکیا۔