لاہور: ادویات کی قیمتوں میں اضافے کےخلاف ازخودنوٹس کی سماعت میں چیف جسٹس ثاقب نثار نے ادویات کی قیمتیں منجمد کرنے کا حکم دیتے ہوئے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کوادویات کی قیمتوں سے متعلق کیسز 10 ہفتے میں نمٹانے کا بھی حکم دیا۔
تفصیلات کے مطابق ادویات کی قیمتوں میں اضافے کےخلاف ازخود نوٹس کی سماعت چیف جسٹس پاکستان نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت میں موقف اپنا یا کہ کمپنیوں نے 2013 سے پہلے ازخود قیمتیں بڑھائیں،ادویات پربارکوڈ شائع کرنے کیلئے 2 سال کاوقت دیا گیا، 2015 کی پالیسی کے تحت 2ہزار کیسز نمٹائے ہیں۔ چیف جسٹس نے نے ادویات کی قیمتیں منجمد کرنے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ عدالت پالیسی معاملے میں مداخلت نہیں کر سکتی، بار کوڈکی اشاعت پرانڈسٹری کیساتھ مل کرعمل درآمد کروائیں، ہمیں ایسے معاملات پر اتفاق رائے کرنا ہے۔ سپریم کورٹ نے وفاق کوڈریپ کے مستقل چیف ایگزیکٹو کی تعیناتی کا حکم دیتے ہوئے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کوادویات کی قیمتوں سے متعلق کیسز 10 ہفتے میں نمٹانے کا حکم دے دیا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اس کے بعدہیپاٹائٹس سی اورگردوں کی بیماریوں کے علاج کیلئے کام کریں گے،آپ کواندازہ ہے گلگت بلتستان میں ہیپاٹائٹس سی کے کتنے مریض ہیں؟ فارماسوٹیکل کمپنیوں اور دیگر سٹیک ہولڈرز کی مدد درکار ہوگی۔