سینیٹ میں شرمین عبید چنائے سمیت غیرت کے نام پر قتل کے خلاف کام کرنے والی خواتین کو خراج تحسین پیش کرنے کی قرارداد منظور کر لی گئی۔ چیئرمین نے متعدد امور پر وضاحت کیلئے مشیر خارجہ کو ایوان میں طلب کر لیا۔
اسلام آباد: (یس اُردو) چیئرمین رضا ربانی کی زیر صدارت سینیٹ اجلاس میں ایم کیو ایم کی سینیٹر نسرین جلیل کی پیش کردہ قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔ قرارداد میں غیرت کے نام پر قتل کے خلاف کام کرنے پر شرمین عبید چنائے سمیت سیاسی جماعتوں اور سول سوسائٹی کی دیگر خواتین کو خراج تحسین پیش کی گئی۔ چیئرمین سینیٹ نے رولنگ دی کہ مشیر خارجہ سرتاج عزیز منگل کو ایوان میں پیش ہوں اور پاکستان کے جوہری پروگرام کے حوالے سے امریکی وزیر خارجہ اور پٹھان کوٹ حملے کے بارے میں بھارتی وزیر دفاع کے بیانات پر حکومتی موقف سے ایوان کو آگاہ کریں۔ اس کے علاوہ افغانستان میں بیٹھے پاکستانی طالبان کے حوالے سے بھی بریف کریں۔ اجلاس میں ایکویٹی حصہ داری فنڈ کی منسوخی، بینکوں سے متعلق جرائم کیلئے خصوصی عدالتوں کے قیام اور دی بینکس نیشنلایزیشن ایکٹ میں ترمیم کے بل متعلقہ کمیٹیوں کے سپرد کر دیئے گئے۔ ایوان بالا کا اجلاس جمعرات کی سہہ پہر تین بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔