قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فیصل رضا عابدی سے ابتدائی تفتیش کے بعد انہیں ایسٹ زون پولیس کے حوالے کر دیا
کراچی: کراچی میں فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کی لہر کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کو باقاعدہ گرفتار کر لیا ۔ فیصل رضا عابدی کو پٹیل پاڑہ میں تبلیغی جماعت کے کارکنوں کے قتل کے حوالے سے تفتیش کی جائے گی ۔
نیو رضویہ سوسائٹی سے پیپلزپارٹی کے منحرف رہنما سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کو حراست میں لے لیا گیا جبکہ گھر سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فیصل رضا عابدی سے ابتدائی تفتیش کے بعد انہیں ایسٹ زون پولیس کے حوالے کر دیا ۔
ایس ایس پی ایسٹ فیصل چاچڑ کے مطابق فیصل رضا عابدی کی گرفتاری گزشتہ روز پٹیل پاڑہ میں ہونے والے فائرنگ کے واقعے میں ڈالی گئی ہے ۔
پٹیل پاڑہ میں فائرنگ کے واقعے میں تبلیغی جماعت کے دو کارکنوں کو قتل کیا گیا جس کا مقدمہ جمشید کوارٹر تھانے میں درج کیا گیا ہے ۔