پیرس(عمیربیگ) سینیٹر محمد اسحاق ڈار وفاقی وزیر برائے خزانہ و اقتصادی امور نے فرانس کے ادارہ برائے ترقی کی 75ویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت کی جس کی میزبانی فرانس کے صدر فرانسسکو ہالینڈ نے آج پیرس میں کی۔ تقریب میں فرانس کے وزیر خارجہ جین مارک ایرالٹ، گوینیاکے صدر، ہٹی کے وزیراعظم، سری لنکا کے وزیر خزانہ، چیف ایگزیگٹیو آفیسر برائے اے ایف ڈی، فرانس کی اسمبلی کے ممبران، سفارتکاروں، سول سوسائیٹی کے ممبران اور میڈیا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اے ایف ڈی پاکستان میں مئی 2007 سے کام کر رہی ہے۔ اے ایف ڈی پاکستان میں خاص طور پر توانائی کے شعبہ میں مالی معاونت کر رہی ہے اور توانائی کی کمی کو پورا کرنے کیلئے پن بجلی کے منصوبوں کی تکمیل پر عمل پیرا ہے۔ اے ایف ڈی فرانس کا ایک مالیاتی ادارہ ہے جس کا بنیادی مقصد ترقی پذیر ممالک کی ترقی میں ان کی مالی معاونت کرنے کے ساتھ ساتھ اقتصادی و معاشرتی ترقی اور لوگوں کا معیار زندگی بلند کرنا ہے۔