counter easy hit

قاضی حسین احمد امت مسلمہ کا قیمتی سرمایہ

Aqeel Khan

Aqeel Khan

تحریر عقیل خان آف جمبر
قاضی حسین جماعت اسلامی کو وہ نام ہیں جن سے ہر کوئی واقف ہے۔ قاضی صاحب نے ہمیشہ پاکستان کی ترقی اور اسکے استحکام کے لیے کام کیا۔قاضی صاحب کی حب الوطنی کی مثال آپ سب کے سامنے ہے۔ ان کی زندگی میں تمام مذہبی جماعتوں پر مشتمل ایک دینی اتحاد قائم کیا جس کولوگ” مجلس عمل ”کے نام جانتے ہیں۔ اس کے بعد دوبارہ کوئی بھی شخص تمام مذہبی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا نہ کرسکا۔

قاضی حسین احمد12جنوری 1938 کو نوشہرہ ضلع (کے پی کے) میں پیدا ہوئے ۔ آپ کے والد مولانا عبدالرب نے قاضی صاحب کی دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تربیت کی۔قاضی صاحب اپنی فیملی میں سب سے چھوٹے تھے ۔ایم ایس سی جغرافیہ کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد قاضی صاحب درس و تدریس سے منسلک رہے۔ ملازمت چھوڑنے کے بعد اپنا ذاتی کاروبار شروع کردیا۔ سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر رہے۔قاضی صاحب کی دو بیٹے اوردوبیٹیاں ہیں۔آپ نے 6جنوری 2013 کوہارٹ اٹیک کی وجہ سے وفات پائی۔

قاضی صاحب سب سے پہلے اسلامی جمعیت طلبہ کا حصہ بنے اورپھر 1970ء میں جماعت اسلامی کے رکن بنے۔ 1978ء میں جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل منتخب ہوئے ۔1987ء میں جماعت اسلامی کے امیر بنے اور 2009ء تک امیر رہے۔ جماعت اسلامی کے سب سے زیادہ بار امیر منتخب ہونے والوں میں مولانا مودودی (مرحوم) اور میاں طفیل محمد (مرحوم) کے بعد قاضی صاحب مسلسل چار بار جماعت اسلامی کے امیر رہے۔قاضی صاحب پہلی بار 1985ء میں سینٹ کے رکن منتخب ہوئے اور پھر دوبارہ 1992ء میں سنیٹر بنے۔ قاضی حسین احمد نے جماعت اسلامی کو عوام میں متعارف کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ”دھرنا” اور ”ملین مارچ” قاضی صاحب کی ہی ایجادات ہیں۔ قاضی صاحب جوانوں سے زیادہ جوان تھے۔

قاضی صاحب کا نعرہ ”ظالمو قاضی آرہا ہے ”عوام میں سب سے زیادہ مقبول ہوا ۔یہ قاضی صاحب کی ہی شخصیت تھی جس نے شخصی آمروں کے خلاف جہاد جاری رکھا۔ان کے دھرنے کی وجہ سے حکومت نے ہر قسم کی ٹریفک روک دی۔ ہر داڑھی والے کو مشکوک سمجھا گیا۔ یہاں تک کہ پتوکی میں ایک صاحب کے پاس پولیس آئی اور کہا کہ آپ کاتعلق قاضی صاحب کی جماعت سے ہے۔ اس شخص نے انکار کرتے ہوئے کچھ سخت الفاظ استعمال کیے تو خود پولیس والوں نے کہا کہ تم کو شرم نہیں آتی کہ داڑھی رکھ کر قاضی ساحب کو برا کہتے ہو ۔ دل کا مریض شدید شیلنگ کے دوران دھرنے میں پہنچا۔ اسی طرح لٹن روڈ کی ویڈیو اور تصاویر ان کے مجاہدانہ کردار کا منہ بولتا ثبوت ہیں ۔

قاضی صاحب انتہائی ذمہ دار ، فرض شناس اور ان تھک شخصیت کے حامل تھے۔ ان کے ساتھ بطور ڈرائیور کام کرنے والے لوگ حیران ہوتے تھے کہ یہ بندہ کام کے ساتھ ساتھ گاڑی کی رفتار بھی انتہائی تیز رکھتا ہے ۔ قاضی صاحب نے اسلامی جمعیت طلبا و طالبات، مدارس عربیہ، شباب ملی اور پاسبان کو متحرک کرکے جماعت اسلامی کا دست و بازو بنا دیا۔ قاضی حسین احمد امت مسلمہ کے اتحاد کے سچے اور پکے داعی تھے۔ متحدہ مجلس عمل کا قیام اور انتخابات میں شاندار کامیابی قاضی صاحب کی انتھک محنت کا پھل تھا اور جب مجلس عمل فعال نہ رہی تو قاضی صاحب نے امید کا دامن پھر بھی ہاتھ سے نہ چھوڑا اور ملی یکجہتی کونسل بنا کر اپنا ”اتحاد امت” کا مشن مرتے دم تک جاری رکھا۔

قاضی صاحب کشمیر، بوسنیا، چیچنیا، افغانستان، برما، سوڈان اور فلسطین کے مسلمانوں پر ہونے والے ظلم و ستم کے خلاف ہمیشہ آواز بلند کرتے رہے۔ دنیا بھر کی تمام اسلامی اور جہادی تنظیمیں ان کو اپنا حقیقی سرپرست سمجھتی ہیں۔ اسی وجہ سے برادر اسلامی ممالک میںآپ کو انتہائی عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔ قاضی صاحب کو اردو، انگریزی، فارسی، پشتو پر عبور حاصل تھا اور اکثر فرمایا کرتے تھے۔

ایک ہوں مسلم حرم کی پاسبانی کے لئے
نیل کے ساحل سے لے کر تابخاک کاشغر

قاضی صاحب سے میری جب بھی ملاقات ہوئی میں نے انہیں انتہائی نفیس انسان پایا ۔اخلاق و کردار میں اپنی مثال آپ تھے۔ وہ نظریہ پاکستان کے سچے اور پکے حامی تھے۔وہ ایک بار جب اپنے کارواں کی قیادت کرتے ہوئے کراچی جارہے تھے تو ہمارے بس سٹاپ پر ان کا خیر مقدم کیا اور ابھی وہ اپنی تقریر کررہے تھے کہ اس دوران مغرب کی اذان ہوگئی تو انہوں نے نہ صرف اپنا خطاب ختم کیا بلکہ ملتان روڈ پر واقع گاؤں جمبر کی چھوٹی سے مسجد میں میرے ساتھ باجماعت نما ز ادا کی جہاں نہ کوئی سکیورٹی نہ کوئی گارڈ ۔ میں نے یہ عمل صرف قاضی حسین احمد میں ہی دیکھا ورنہ یہاں تو ایسے ایسے علما کرام دیکھے جاتے ہیںجو اپنے خطاب کی وجہ اکثر نمازیں چھوڑ دیتے ہیں۔میرے بڑے بھائی نے بتایا کہ قاضی صاحب قصور کارواں لے کر آئے اور وہ بطور گائیڈ ان کے ساتھ تھے۔

نماز ظہر کا وقت ہوا تو میرے بھائی نے یہ سوچ کر سفر جاری رکھا کہ منزل قریب ہے وہاں نماز ادا کریں گے۔قاضی صاحب نے ڈرائیور کو گاڑی تیز چلانے کو کہا ۔میرے بھائی کی گاڑی کو کراس کرکے ایک ٹوٹی سی مسجد کے سامنے بریک لگائی اور ان سے ناراض ہوئے کہ تم کو نماز کا احساس نہیں ہوا۔ انہوں پہلے نماز ادا کی اور اس کے بعد دوبارہ سفر شروع کیا ۔

قاضی صاحب کی عوامی محبت ایک نمونہ یہ بھی ہے کہ ایک بار متحدہ مجلس عمل کا کارواں کراچی سے چلتا ہوا لاہور جارہا تھا ملک میں جگہ جگہ اس کارواں کا خیر مقدم کیا جا رہا تھا ۔ ہمارے علاقے میں بھی اس کا استقبال کیا جارہا تھا جس کا سارا انتظام جماعت اسلامی کی مقامی قیادت نے کیا۔ انہوں نے کارواں کا استقبال سٹاپ سے دور کیا تھا جب کہ ہم لوگوں نے بھی ان کو سٹاپ پر روکنا چاہا تو سب سے آگے مولانا فضل الرحمن کی گاڑی تھی جب ہم اس کے سامنے آئے تو ان کے گارڈ نے بجائے گاڑی روکنے کے کٹ مار کر گاڑی بھگا لی مگر جیسے ہی قاضی صاحب کی گاڑی آئی توہم پھر گاڑی کے سامنے آگئے تو انہوں نے نہ صرف گاڑی روکی بلکہ باہر نکل کر میگا فون پر عوام سے خطاب کیا۔

ان کی یہ محبت دیکھ کر میں بہت خوش ہوا۔
یہ حقیقت ہے کہ ہم لوگ جب کوئی دنیا سے چلا جاتا ہے تواس کو بھول جاتے ہیںمگر ان قول و فعل کی وجہ سے ہمیشہ وہ ہمارے درمیان رہتے ہیں۔ قاضی حسین احمد کی وفات جماعت اسلامی کے لئے ہی نہیں پاکستان اور امت مسلمہ کے لیے بہت بڑا نقصان ہے لیکن موت ایک اٹل حقیقت ہے جس کا ذائقہ ہر انسان نے چکھنا
ہے۔

تحریر: عقیل خان آف جمبر
aqeelkhancolumnist@gmail.com