ورلڈ کپ 2017 میں ناقص کارکردگی پر ویمن کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ صبیح اظہر نے تفصیلی رپورٹ پی سی بی حکام کو بھیج دی۔
انگلینڈ میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے ساتوں میچز میں عبرتناک شکست کے بعد چیرمین پی سی بی نے ٹیم کی ناقص کارکردگی پر اظہار افسوس کرتے ہوئے اس کی وجہ جاننے کی ہدایت کی تھی تاہم اب ہیڈ کوچ صبیح اظہر نے ٹیم کی ناقص پرفارمنس کی وجہ اور خامیوں پر مبنی رپورٹ پی سی بی حکام کو بھیج دی۔ رپورٹ کے مطابق ویمن ٹیم کی کپتان ثنا میر ، منیجر عائشہ اور چند سینئر کھلاڑیوں کی وجہ سے ٹیم کی کارکردگی ناقص رہی۔ رپورٹ میں کپتان ثنا میر کو سیلف سینٹرڈ شخصیت کی مالک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ثنا میر ٹیم اور نئی کھلاڑیوں کے بجائے اپنی پرفارمنس کی فکر مند رہتی ہیں۔ ہیڈ کوچ نے رپورٹ میں ٹیم کی بہتری کے لئے نئی منیجر اور نئی کپتان لانے پر زور دیا ہے۔ خیال رہے کہ ویمن ورلڈ کپ کے تمام میچز میں قومی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا اور ویمن ٹیم رینکنگ میں تمام ٹیموں سے پیچھے رہی تھی۔