کراچی (نیوز ڈیسک ) سینئر تجزیہ کارارشادبھٹی نے کہا ہے کہ حالیہ گیلپ سروے کی سب سے بڑی کامیابی یہ ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت مسلم لیگ ن کی حکومت سے بدتر ہے۔تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ارشاد بھٹی نے کہاکہ سروے ایجنڈا بیس ہوتے ہیں اوریہ ایک کمائی کا ذریعہ ہے ، یہ سب کچھ جھوٹ پرمبنی ہوتاہے اورسارا کچھ منصوبہ بندی سے کروایا جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حالیہ سروے کی سب سے بڑی کامیابی یہ ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت مسلم لیگ ن کی حکومت سے بدتر ہے ، دوسری بات یہ ہے کہ 51فیصد لوگ ہیں جوحکومتی کارکردگی سے مطمئن ہیں ، وہ لوگ کون ہیں جو مطمئن ہیں ، مجھے بتادیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سروے تومجھے ایک ایجنڈا بیس سروے لگ رہا ہے ۔ پروگرام میں شریک سینئر صحافی سلیم صافی نے کہا کہ گیلپ کی محنت اور قابلیت اپنی جگہ پر لیکن یہ بات درست ہے کہ پاکستان میں سرویز اور میڈیا کو اپنی مرضی کے مطابق کیا جاتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ پچھلے سال میں جو بل تین سے چار ہزار دیتا تھا ، اب تیس سے 35ہزار دے رہاہوں، اس حکومت کی خراب کارکردگی کی گواہی خود یہ حکومت دے رہی ہے ، عمران خان نے اپنے وزیر خزانہ اور پنجاب کے وزیر خزانہ کو ہٹا کر اس بات کی گواہی دی ہے کہ ان کی کارکردگی خراب ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کسی سے پوچھ لیا جائے کہ چودھری نثار کیسے وزیر داخلہ تھے اورشہر یار آفریدی کیسے وزیر داخلہ ہیں خود ہی پتہ چل جائے گا ۔ جبکہ پروگرام میں شریک وزیر اعظم عمران خان کے کزن اور سینئر صحافی حفیظ اللہ خان نیازی کا کہنا تھا کہ میڈیا کو اپنی مرضی کے مطابق ڈھال کر عمران خان کا بت تراشا گیا۔اس وقت صورتحال یہ ہے کہ جوہمارا میڈیا ہے اس کو کس طرح اپنی مرضی کے مطابق ڈھال کر عمران خان کا بت تراشا گیا؟ اس کا مقصد ہی یہی تھا کہ نواز شریف کوگالی دی جائے اور عمران خان کو آگے لایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ اس پاکستان بہت نیچے جارہا ہے ،پاکستان میں بظاہر دو پارٹیاں ختم کردی گئی ہیں لیکن گیلپ سروے میں اس کے باوجود لوگوںان دونوں پارٹیوں کا نام لیاہے ۔