اسلام آباد( ویب ڈیسک) 6 ستمبر کو یوم دفاع پاکستان کے موقع پر چینی وزیر خارجہ بھی راولپنڈی اسلام آباد میں ہونے والی خصوصی تقریبات میں شرکت کے لئے پاکستان ائیں گے۔ روزنامہ جنگ کے ذرائع کے مطابق امکانی طور پر دوست ممالک کی کچھ اور شخصیات کی بھی 6 ستمبر کو پاکستان آمد متوقع جو اس موقع پر تقریب میں شرکت کر کے پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کا پیغام دیں گی۔ دوسری جانب ایک خبر کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کیخلاف آزاد کشمیر اور ملک بھر میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں کا سلسلہ منگل کو بھی جاری رہا ، جماعت اسلامی آزادکشمیر شعبہ خواتین ونگ کے زیر اہتمام سنٹرل پریس کلب مظفرآباد میں تقریب منعقد ہوئی ،تقریب کے بعد سنٹرل پریس کلب مظفرآباد سے گڑھی پن چوک تک احتجاجی ریلی نکالی گئی ۔ تقریب اور ریلی میں خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی ریلی کے دوران دارالحکومت کی فضا آزادی کے نعروں سے گونج اُٹھی ۔سیالکوٹ میں سکھ ، ہندو ، کرسچن اور مسلم کمیونٹی کی طرف سے کشمیر سے اظہار یکجہتی کے لئے بڑی ریلی نکالی گئی ، مظاہرین کا اقوام متحدہ اور عالمی طاقتوں سے مسئلہ کشمیر حل کرنے اور کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے کا مطالبہ ، سکھ برادری کا بھارت سے خالصتان آزاد کرنے کا بھی مطالبہ۔ جے آئی یوتھ کراچی ضلع جنوبی کی جانب سے کراچی کے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے ، شاہین کمپلیکس اور کلفٹن تین تلوار پر تصویری نمائش اور احتجاجی مظاہرے، مودی کا پتلا نذر آتش، جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ نے نیشنل پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جس کی قیادت ترجمان جے کے ایل ایف رفیق ڈار نے کی، مظاہرین نے بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں نعرے بازی کی ، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی تصاویر نذر آتش کی گئیں، حیدرآباد ایوان تجا رت و صنعت کی جانب سے کشمیرمیں مسلمانوں کی نسل کشی اور کشمیری عوام پر بڑھتے ہوئے بھارتی مظالم کے خلاف صنعتکار و تاجران نے حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں شریک تاجران نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے پتلے پر کنکریاں برسائیں اور بعد میں بھارتی پرچم اور پتلے کو نذر آتش کر کے کشمیر کے حق میں نعرے لگائے ۔ اس موقع پر حیدرآباد ایوان تجا رت و صنعت کے صدر محمد سلیم شیخ ودیگر نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا۔