لاہور: سابق کپتان آصف اقبال کا کہنا ہے کہ سینئر بیٹسمین ناکامیوں سے سنبھل کر انگلینڈ کیخلاف اچھا پرفارم کریں گے۔
سابق کپتان آصف اقبال کا کہنا ہے کہ اظہر علی گرچہ ٹور میچز اور آئرلینڈ کیخلاف ٹیسٹ میں بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے لیکن ان میں صلاحیتیں اور کلاس موجود ہے، ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ سب کو اظہر علی کی کارکردگی کھٹک رہی ہوگی، میرا یہ خیال ہے کہ وہ بڑے میچ کے کھلاڑی ہیں،پوری امید ہے کہ انگلینڈ میں ٹیم کیلیے بڑا اسکور کرنے میں کامیاب ہوں گے، اسد شفیق نے بھی آئرلینڈ کیخلاف ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں اچھی بیٹنگ کی، بطور سینئر وہ بیٹنگ کا بوجھ بانٹ سکتے ہیں۔
آصف اقبال نے کہاکہ کبھی کہا جاتا تھا کہ عمران خان اور جاوید میانداد کے متبادل کہاں سے آئیں گے، بعد ازاں یہ خلاپر ہوگیا، مصباح الحق اور یونس خان کے متبادل بھی ضرور مل جائیں گے لیکن نئے ٹیلنٹ کو تھوڑا وقت دیناپڑے گا، ظہیر عباس نے طویل عرصہ تک ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے بہترین کارکردگی دکھائی، انھیں بھی انٹرنیشنل کرکٹ میں قدم جمانے کیلیے مواقع دینا پڑے تھے،پاکستانی کھلاڑیوں کو ہوم سیریز نہیں ملتیں، اس کے باوجود باصلاحیت کرکٹرز سامنے آجاتے ہیں۔
سابق کپتان کے فٹنس مسائل ہوئے تو شاداب خان میسر آگئے،نوجوان لیگ سپنر کا تجربہ شاید کم ہو،صلاحیتیں سینئربولر سے شاید زیادہ ہی ہونگی،موسم سازگار ہوا تو انگلینڈ میں بھی میزبان ٹیم کیلیے مشکلات پیدا کریں گے۔ ایک سوال پرآصف اقبال نے کہا کہ کھلاڑیوں سے ملاقات ہوئی ہے، پاکستان ٹیم کا ماحول شاندار ہے،سب ایک دوسرے اورکپتان کی عزت کرتے ہیں، دوستانہ ماحول کا کریڈٹ کپتان سرفراز احمد اور منیجمنٹ کو جاتا ہے، میرے خیال میں ناتجربے کار ہونے کے باوجود قومی کرکٹرز انگلش چیلنج کیلیے تیار ہیں۔