نئی دلی: بھارتی وزیر کھیل وجے گوئل نے موجودہ حالات میں پاک بھارت سیریز کے انعقاد کو ناممکن قرار دے دیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وجے گوئل نے ایک بار پھر ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا کہ سرحد پار سے دراندازی ختم ہونے تک دونوں ملکوں کے درمیان سیریز کے بارے میں نہیں سوچنا چاہیے تاہم دیگر ایونٹس میں دونوں ٹیموں کے مقابلوں کے بارے میں تاحال کچھ نہیں کہہ سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو سیریز کے لئے کوئی پروپوزل دینے سے قبل بی سی سی آئی کو حکومت سے اجازت لینا ہو گی۔ بھارتی وزیر کھیل کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان اور بھارت کے کرکٹ بورڈز حکام دبئی میں دو طرفہ سیریز کے حوالے سے بات چیت کرنے جا رہے ہیں اور اس بیان سے واضح ہوتا ہے کہ بھارت پاکستان کے ساتھ سیریز نہ کھیلنے کی ہٹ دھرمی پر قائم ہے۔ بھارت ایک طرف تو سیریز نہ کھیلنے کے موقف پر قائم ہے تو دوسری جانب بورڈ حکام کو میٹنگ کے لئے بھیج کر یہ ظاہر کرنا چاہ رہا ہے کہ ہم تو کھیلنا چاہ رہے ہیں لیکن حالات ہی اجازت نہیں دیتے۔ بھارت کی اس چال کی وجہ یہ بھی ہے کہ انہیں پی سی بی کو ہرجانہ ادا نہ کرنا پڑے۔ واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے معاہدہ کے مطابق باہمی سیریز نہ کھیلنے پر بی سی سی آئی کو 60 ملین ڈالرز ہرجانہ ادا کرنے کیلیے قانونی نوٹس بھجوا رکھا ہے۔