میلبورن: قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ برسبین ٹیسٹ میں شاندار کارکردگی سے اعتماد بحال ہوا ہے دوسرے ٹیسٹ میں جیت کا عزم لے کر میدان میں اتریں گے۔
میلبورن میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا میں ایشین ٹیموں کو ہمیشہ مشکل درپیش رہی ہے اور ہر میچ کا پریشر ہوتا ہے تاہم برسبین ٹیسٹ میں شاندار کم بیک اور کارکردگی کی بدولت پوری ٹیم کا اعتماد بحال ہوا ہے۔مصباح الحق کا کہنا تھا کہ میلبرن میں شائقین کرکٹ کی ایک بڑی تعداد موجود ہوتی ہے جبکہ باکسنگ ڈے ٹیسٹ بے حد مقبول ہے، میزبان ٹیم کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں مقابلہ دلچسپ ہوگا، حتمی 11 کھلاڑیوں کا اعلان میچ سے پہلے کیا جائے گا اور پاکستانی ٹیم جیت کا عزم لے کر میدان میں اترے گی اور سیریز برابر کرنے کی کوشش کریں گے۔واضح رہے کہ پاكستان اور آسٹريليا کے مابین 3 ٹيسٹ ميچوں پر مشتمل سيريز كا دوسرا ٹيسٹ پیر سے ميلبورن كركٹ گراؤنڈ پر پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق صبح 4 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔ آسٹريليا كو پاكستان كے خلاف تين ميچوں کی سيريز ميں 1 صفر کی برتری حاصل ہے۔ جبکہ تيسرا اور آخری ٹیسٹ 3 سے 7 جنوری تک سڈنی ميں كھيلا جائے گا۔