اسلام آباد: وزیر اعظم نواز شریف نے دوران سروس وفات پا جانےوالے سرکاری ملازمین کے ورثا سے متعلق امدادی پیکج کی منظوری دے دی ، امدادی پیکج میں تین سو فیصد اضافہ کیا گیا ہے ، پیکج 9 فروری 2015 سے نافذ العمل ہو گا۔
امدادی پیکج میں تین سو فیصد اضافہ کیا گیا ہے ، پیکج 9 فروری 2015 سے نافذ العمل ہو گا۔ گریڈ ایک سے 16 تک کے ملازمین کے ورثا کو 30 لاکھ ، گریڈ 17 کو 50 لاکھ، گریڈ 18،19 کو 90 لاکھ روپے ملیں گے ، گریڈ 20 اور اس سے اوپر کے سرکاری ملازمین کے ورثا کو ایک کروڑ روپے دیئے جائینگے۔
سروس کے دوران دھماکوں ، مقابلوں، پر تشدد مظاہروں یا اس قسم کی دوسری سرگرمیوں میں زخمی ہونیوالے ملازمین کو 7 لاکھ روپے دیئے جائینگے۔ جبکہ زخمی ہونے کے باوجود ملازمت جاری رکھنے والے ملازمین کو 5 لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔
ورثا کو سروس قواعد کے مطابق 100 فیصد پنشن اور ملازم کی ریٹائرمنٹ کی مدت تک سرکاری گھر یا کرایہ ملتا رہے گا اس کے علاوہ بچوں کو گریجویشن کرنے تک مفت تعلیم، کتابیں اور دیگر سہولیات بھی دی جائیں گی۔