راجن پور سے اغوا ہونے والے 7 پولیس اہلکاروں کو باحفاظت بازیاب کرالیا گیا۔
ایس ایس پی راجن پور عتیق طاہر کے مطابق راجن پور کے علاقے روجھان میں ڈاکوؤں نے گزشتہ روز پولیس چوکی پر حملہ کر کے 7 اہلکاروں کو اغوا کرلیا تھا جنہیں باحفاظت بازیاب کرالیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق پولیس کی بھاری نفری نے مغوی اہلکاروں کی بازیابی کے لئے روجھان کے علاقے میں سرچ آپریشن کیا جس کے دوران اہلکاروں کو بازیاب کرایا گیا۔ پولیس کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران اغوا کاروں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا تاہم ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
بازیاب کرائے گئے اہلکاروں میں لقمان، ذیشان، شاکر، صابر، جمشید ، صفدر اور مزمل شامل ہیں۔ ایس ایس پی راجن پور عتیق طاہر نے شبہ ظاہر کیا کہ پٹ گینگ کے سربراہ عطااللہ پٹ نے پولیس اہلکاروں کو اغوا کیا تھا۔ خیال رہے کہ ضلع راجن پور تین صوبوں پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے سنگم پر موجود ہے جہاں اغوا برائے تاوان کی وارداتیں بھی عام ہیں۔ دریائے سندھ یہاں بہت چوڑائی میں ہے اور اس میں کئی چھوٹے چھوٹے جزیرے ہیں جہاں جرائم پیشہ افراد اکثر اپنا ٹھکانہ بنائے رکھتے ہیں۔ ڈاکوؤں کے گروہ کے سرغنہ غلام رسول عرف چھوٹو مزاری کا تعلق بھی اسی علاقے سے ہے اور یہ کئی برس سے اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں ملوث رہا ہے جب کہ پولیس اہلکاروں کو بھی اغوا کرچکا ہے۔